بنگلورو،20؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی لیڈر آر اشوک نے کہاہے کہ ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت میں شامل دونوں پارٹیوں میں عنقریب طلاق ہوجائے گا۔
بلگاوی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت کے عنقریب گر جانے میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان تال میل کی کمی صاف ظاہر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے مرحلے میں جبکہ کمار سوامی ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں کانگریس کے ایک سینئر لیڈر ستیش جارکی ہولی یہ بیان دیتے ہیں کہ سدرامیا کو وزیر اعلیٰ بننا چاہئے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ کسی بھی وقت یہ حکومت گر جائے تو کوئی حیرت کی بات نہیں۔
اشوک نے دعویٰ کیا کہ جس دن سے یہ حکومت بنی ہے اسی دن سے ریاست میں سیاسی عدم استحکام برقرار ہے۔ اس حکومت میں اقتدار کے لئے بھلے ہی دو پارٹیاں کی ہوگئی ہیں لیکن اب بھی وہ ایک دوسرے کو آنکھ ملاکر دیکھ نہیں پارہے ہیں۔ ریاستی وزیر رمیش جارکی ہولی کی بی جے پی کی دعوت میں شرکت کے متعلق اشوک نے کہاکہ پتہ نہیں کیوں دعوت میں حاضر ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ڈی کے شیوکمار نہیں چاہتے تھے کہ رمیش جارکی ہولی اس دعوت میں شریک ہوں۔ جارکی ہولی کی اس دعوت میں شرکت کا کوئی خاص مطلب نکالنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔